اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار حسین امامی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت دہشت گردوں کی سرپرست بن چکی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ مدہوش ہیں اور شہر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملت جعفریہ اپنے حقوق کے دفاع کے لئے گھروں سے باھر نکلیں۔ مولانا مختار امامی نے کہا کہ شہر کراچی میں جاری شیعہ مسلمانوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف یکم جون کو کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے جبکہ خیر پور میں بھی وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا اسی طرح بدین میں ایم پی اے ہاؤس سمیت لاڑکانہ میں بلاول ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے مزید کہا کہ گذشتہ طویل مدت سے کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشت گرد گروہوں کا راج ہے اور جب بھی سندھ انتظامیہ سے ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو سندھ حکومت نا اہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہیں کرتی۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ میں سیکڑوں شیعہ عمائدین جن میں ڈاکٹرز، پروفیسرز، انجینئرز، علماء، ذاکرین، شعرائے کرام، خطباء، طلباء سمیت شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کر دیا گیا ہے لیکن ان مظلوموں کے قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲